بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے غیر ملکی وفود اسلام آباد پہنچے تاکہ عالمی پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودی عرب، آذربائیجان، ازبکستان، کینیا، فلسطین، مراکش، روانڈا، مالدیپ، ملائیشیا اور فلپائن کے وفود اسلام آباد پہنچے ہیں۔ اس کانفرنس کی قیادت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کر رہے ہیں، جو 11 تا 12 نومبر 2025ء کو منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس کا مقصد عالمی امن، ترقی اور بین الاقوامی پارلیمانی روابط کو فروغ دینا ہے۔
وفود کی آمد پر سینیٹر ندیم احمد بھٹو، سینیٹر سرمد علی اور دیگر سینئر افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔ سعودی وفد کی قیادت نائب چیئرمین شوریٰ کونسل عبداللہ بن عدم فلاتعہ کر رہے ہیں جبکہ کینیا، فلسطین، آذربائیجان اور ازبکستان کے وفود کے سربراہان بھی شامل ہیں۔
یہ کانفرنس چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دوراندیش قیادت اور پارلیمانی سفارتکاری کا عملی مظہر ہے جس سے پارلیمانی وفود کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔











