وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں کو سائنسی علوم میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی اور امن کا راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہے اور نوجوانوں کو سائنس میں اپنی صلاحیتیں دکھانی چاہئیں۔
انہوں نے سائنس کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سائنس خوشحالی، امن اور پائیدار مستقبل کے لئے راہنمائی کرتی ہے اور اس دن کا مقصد عوام میں سائنس کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو سائنسی ریسرچ کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انجینئرنگ، آئی ٹی اور سائنسی علوم کی تعلیم کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے ذکر کیا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی اور دیگر سائنسی ادارے تحقیق کو فروغ دے رہے ہیں۔ پنجاب میں پہلی بار سرکاری سکولوں میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شو منعقد کیا گیا جہاں طلبہ نے جدید ماڈلز پیش کیے۔
مریم نواز نے زور دیا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی امن و سلامتی کے لئے ضروری ہے اور حکومت پنجاب ہر شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر لانے کے لئے کوشاں ہے۔













