سینیٹ میں ستائیسویں آئینی ترمیم پر کشیدگی، پی ٹی آئی کے سینیٹرز غائب

سینیٹ میں ستائیسویں آئینی ترمیم پر کشیدگی، پی ٹی آئی کے دو سینیٹرز غائب، حکومت کو ووٹ پورے کرنے میں مشکلات۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
[اسلام آباد]: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ستائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سینیٹ میں کشیدگی برقرار ہے، حکومت کو 64 ووٹ درکار ہیں مگر تاحال مطلوبہ نمبرز حاصل نہیں ہو سکے۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کا سندھ اور خیبرپختونخواہ کے دو سینیٹرز سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور فیصل سلیم کا پارٹی سے رابطہ نہیں رہا ہے۔ حکومت نے اتحادی جماعتوں کے سینئر رہنماؤں کو سینیٹرز سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس وقت ایوان میں صرف 35 حکومتی و اتحادی سینیٹرز موجود ہیں، جس کے باعث حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے مطابق مسودہ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور کچھ تبدیلیوں کے بعد پرنٹنگ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ حکومت اے این پی کو بھی قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایمل ولی خان سے بات چیت کی اور خیبرپختونخواہ کے نام کے معاملے پر اتفاق کی امید ظاہر کی۔

اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی نے بھی اپنی حکمت عملی واضح کی ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ اپوزیشن آئینی ترمیم کی بھرپور مزاحمت کرے گی اور واک آوٹ کی بجائے ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

دیگر متعلقہ خبریں