وزیراعظم نے 27 ویں آئینی ترمیم پر نواز شریف اور اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا، ملکی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
باکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے 27 ویں آئینی ترمیم پر قائد نواز شریف سے رہنمائی حاصل کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب نے مل کر کام کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ ارکان اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے رشتے کی مضبوطی اور ملکی مفاد میں 27 ویں آئینی ترمیم کیلئے سب نے مل کر کوشش کی۔ اس ضمن میں وزارت قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور ان کی رضامندی پر شکر گزار ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالد حسین مگسی اور چوہدری سالک حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے اس مسودے کی حمایت کی۔
وزیراعظم نے ایمل ولی خان، اعجاز الحق اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی مشاورت کی اور بتایا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ترقی کی سمت درست ہوئی ہے۔












