وزیراعظم نے 27 ویں آئینی ترمیم کے پیش نظر وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے منسوخ کر دیے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے 27 ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں تمام وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے منسوخ کر دیے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام حکومتی ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے حاصل کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے آج شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے سپیکر لاؤنج میں تمام پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں تحریکِ انصاف، جمعیت علمائے اسلام (ف)، اور دیگر بڑی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اجلاس میں آئینی ترمیم کے خدو خال پر بریفنگ دی جائے گی اور منظوری کے لیے حکومتی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ سپیکر ایاز صادق اجلاس کے دوران تمام جماعتوں سے ترمیم کی حمایت کی درخواست کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اگر ترمیم پر اتفاق رائے نہ ہو سکا تو حکومت اپنی نمبرز گیم پر انحصار کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے اور اتحادی جماعتوں کے تمام اراکین کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمراں اتحاد کو قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے درکار 224 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔













