پنجاب اسمبلی نے سیاحت و ورثہ اتھارٹی ایکٹ 2025 کی منظوری دی جس کے تحت سیاحت کو فروغ دینے کے لیے نئی اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب اسمبلی نے سیاحت اور ورثہ اتھارٹی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک نئی اتھارٹی تشکیل دی جائے گی۔
بل میں بتایا گیا ہے کہ اتھارٹی کا چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے جبکہ وائس چیئرپرسن کا عہدہ وزیر سیاحت کو دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری فنانس اور سیکریٹری پی اینڈ ڈی بھی ممبران ہوں گے۔
اتھارٹی سیاحت اور ورثے کے فروغ کے لیے پالیسی اور رہنما اصول وضع کرے گی، اور ماحول دوست سیاحتی مقامات کے قیام کے لیے کام کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ ادارہ سیاحتی مقامات کی میپنگ اور ریکارڈ اکٹھا کرنے کے فرائض بھی انجام دے گا۔
اتھارٹی کو بین الاقوامی سیاحت کے فروغ کے لیے سیمینار اور ورکشاپس کے انعقاد کا اختیار ہوگا جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی عائد کر سکے گی۔
اتھارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کو فروغ دے گی اور سیاحتی مقامات کی انسپیکشن اور واگزار کروانے کا اختیار رکھے گی۔ اتھارٹی کا بجٹ منظور کرنے کا اختیار بھی ہوگا اور اس کا آڈٹ آڈیٹر جنرل کریں گے۔
پنجاب سیاحت اور ورثہ اتھارٹی ایکٹ 2025 کی حتمی منظوری گورنر پنجاب سے متوقع ہے۔











