ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال اور ان کی بہن پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ کروڑوں روپے میں طے کرنے کی کوشش کی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اداکارہ مومنہ اقبال کے درمیان تنازع میں نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ ثاقب چدھڑ نے ایک انٹرویو میں مومنہ اقبال اور ان کی بہن رمشا اقبال پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ رمشا اقبال کو اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا لے جایا گیا اور انہیں کمپنی میں ملازمت دی گئی۔ تاہم وہاں انہوں نے بزنس پارٹنر پر ہراسانی کا مقدمہ دائر کیا جو بعد ازاں رقم کے عوض طے پایا۔
ثاقب چدھڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں بہنوں نے ان کے خلاف بھی اسی طرح کا طریقہ اپنانے کی کوشش کی۔ مزید یہ کہ مومنہ اقبال ان کی ازدواجی حیثیت جاننے کے باوجود دوسری شادی پر آمادہ تھیں۔
ثاقب چدھڑ کے مطابق اداکارہ کے وکیل نے بھاری رقم کا مطالبہ کیا اور معاملہ کروڑوں روپے میں طے کرنے کی پیشکش بھی کی۔ ان کے پاس اس کے شواہد بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال پہلے ہی ہراسانی کے الزامات عائد کر چکی ہیں اور معاملہ متعلقہ اداروں تک پہنچ چکا ہے۔















