کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کے مارجن بڑھانے کی سمری منظور ہونے کا امکان۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے آج کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات پر آئل کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن بڑھانے کی سمری منظور ہونے کا امکان ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا، جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی سمری بھی شامل ہوگی۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی تجویز کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں فی لیٹر 2 روپے 40 پیسے تک بڑھ سکتی ہیں۔ اوگرا نے پہلے ہی کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی سفارش کی تھی۔
اجلاس میں ایران سے بجلی خریداری کے معاہدے، سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان، اور مختلف تکنیکی و مالیاتی امور پر بھی غور کیا جائے گا۔














