ای سی سی اجلاس میں گاڑیوں کی امپورٹ پالیسی میں ترامیم منظور

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گاڑیوں کی امپورٹ پالیسی میں ترامیم کی منظوری دی گئی، جس میں درآمدی گاڑیوں کی مدت 3 سال کر دی گئی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں گاڑیوں کی امپورٹ پالیسی میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاور سیکٹر کی مالی پائیداری یقینی بنانے اور سرکلر ڈَیٹ مینجمنٹ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پاور ڈویژن کو وسط مدتی پلان تیار کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ ڈسکوز کے اہداف کی مانیٹرنگ کے لیے فالو اپ میکنزم بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں ٹرانسفر آف ریذیڈنس اور گِفٹ اسکیم برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی اور درآمدی گاڑیوں پر کمرشل معیار حفاظت و ماحولیات کا اطلاق ہوگا۔ درآمدی گاڑیوں کی مدت 2 سے بڑھا کر 3 سال کر دی گئی اور یہ ایک سال تک ناقابلِ منتقلی ہوں گی۔

پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز اور او ایم سیز کے مارجنز میں 5 تا 10 فیصد اضافہ منظور کیا گیا، جس میں آدھا اضافہ فوری جبکہ آدھا ڈیجیٹلائزیشن سے مشروط ہوگا۔ کلوروفارم کی درآمد پر سخت پابندیاں عائد کی گئیں اور فارما کمپنیاں ڈی آر اے پی این او سی سے ہی درآمد کر سکیں گی۔

ای سی سی نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے لیے 1.28 ارب روپے کی گرانٹ اور کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز ریلیز کرنے کی منظوری دی۔ پی اے ایس سی او کی وائنڈنگ اپ کے لیے خصوصی کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

دیگر متعلقہ خبریں