پی آئی اے کی پرواز پی کے 784 کے کارگو ہولڈ میں آگ کی نشاندہی پر طیارہ ٹورنٹو ایئرپورٹ واپس اتار لیا گیا، تمام مسافر محفوظ رہے۔
ٹورنٹو: (رائیٹ ناؤ نیوز) پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی جانے والی پرواز کے کارگو ہولڈ میں آگ کی نشاندہی ہوئی۔ کپتان نے طیارہ ٹیک آف کے 15 منٹ بعد واپس ایئرپورٹ اتار لیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پی کے 784 پرواز کی ہنگامی صورتحال میں فائر بریگیڈ کا عملہ فوری رن وے پر پہنچ گیا۔ بوئنگ 777 طیارے کو پارکنگ پر منتقل کیا گیا۔
کپتان نے کارگو ہولڈ کے پینل پر آگ کی نشاندہی کے بعد طیارے کو واپس ایئرپورٹ لایا۔ فائر بریگیڈ عملہ کارگو ہولڈ کی جانچ کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کے تمام مسافر محفوظ ہیں اور انہیں ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے۔ آگ کی وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کی پروازوں میں ایسی ہنگامی صورتحال نایاب ہوتی ہیں، لیکن حفاظتی اقدامات کے باعث نقصان سے بچاو ممکن ہوتا ہے۔














