مالی سال کے پہلے چار ماہ میں تجارتی خسارہ 38 فیصد بڑھ کر 12.58 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رواں مالی سال 2025-2026 کے پہلے چار ماہ میں تجارتی خسارے میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر تجارتی خسارے کا حجم 12 ارب 58 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی خسارہ 9 ارب 11 کروڑ ڈالر تھا۔
رپورٹ بتاتی ہے کہ ابتدائی چار ماہ میں ملکی برآمدات میں چار فیصد سے زائد کمی آئی ہے، جبکہ جولائی تا اکتوبر برآمدات کا حجم 10 ارب 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔ اس دوران غیر ملکی درآمدات 15.13 فیصد اضافے سے 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں برآمدات 2.49 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.84 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارے میں 4.21 فیصد کمی ہوئی اور اس کا حجم 3.20 ارب ڈالر رہا۔ اکتوبر میں درآمدات 3.57 فیصد اضافے کے ساتھ چھ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔











