پمز اسپتال میں آگ سے 15 نومولود کی ہلاکت، فائر سیفٹی ناقص قرار

پمز اسپتال میں ناقص فائر سیفٹی کے باعث 15 نومولود کی ہلاکت، تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ ہنگامی راستے بلاک، فائر پوائنٹ پر پانی غائب تھا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پمز اسپتال میں آگ سے 15 نومولود کی ہلاکت، فائر سیفٹی ناقص قرار

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پمز اسپتال میں آگ لگنے سے 15 نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے میں فائر سیفٹی انتظامات کی ناکامی کا انکشاف ہوا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اسپتال میں فائرہوز میں کپلنگز نہیں تھیں اور فائر پوائنٹ پر پانی بھی نہیں تھا۔ ہنگامی انخلا کے راستوں پر تالے لگے ہوئے تھے جس کی وجہ سے بروقت بچاؤ ممکن نہ ہوسکا۔

ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے کے وقت انکیوبیشن سینٹر میں کوئی ڈاکٹر یا عملہ موجود نہیں تھا۔ وزیراعظم نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ ذمہ داران کو سزا مل سکے۔

واضح رہے کہ بدھ کی صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ ایئرکنڈیشن کمپریسر پھٹنے سے آگ لگی تھی جسے بجھا دیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ انتظامیہ نے واقعے کی انکوائری کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انکوائری کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔

دیگر متعلقہ خبریں