پنجاب بھر کی فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر پابندی میں 30 دن کی توسیع کر دی گئی تاکہ انسانی استعمال کے لئے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب بھر کی فیڈ ملز میں گندم کو مرغیوں کی خوراک میں استعمال کرنے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع کر دی گئی۔ یہ فیصلہ انسانی استعمال کے لئے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت اس پابندی کا نفاذ کیا۔
پابندی کے تحت گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کے لئے استعمال ہو گی جبکہ فیڈ ملز میں گندم کا استعمال ممنوع ہو گا۔ پنجاب میں فیڈ ملز کے پاس 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور سیکرٹری پرائس کنٹرول کی رپورٹ کے مطابق فیڈ ملز گندم کو مرغیوں کے دانے کے لئے استعمال کر رہی تھیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے اور اس کا آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہئے۔ یہ پابندی یکم دسمبر تک نافذ العمل رہے گی۔











