اسلام آباد میں زمین فراڈ کی روک تھام کے لئے ای-اسٹامپ پیپر سسٹم مکمل

اسلام آباد میں ای-اسٹامپ پیپر سسٹم مکمل ہو گیا، زمین کے فراڈ اور جعل سازی کی روک تھام کے لیے اہم اقدام۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی دارالحکومت میں زمین کے فراڈ اور جعل سازی کے خاتمے کے لیے ای-اسٹامپ پیپر سسٹم کا مکمل قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اگلے مرحلے میں عدالتی دستاویزات کے اجراء کا کام شروع ہوگا، جو زمین کی منتقلی اور رجسٹری دستاویزات میں تبدیلیوں کو روکے گا۔

اس حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں ایک اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، آئی سی ٹی ڈائریکٹر رابعہ اورنگزیب، آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے متعلقہ افسران شریک ہوئے، جبکہ پی ایل آر اے کے ڈی جی اور ان کی ٹیم زوم لنک کے ذریعے شامل ہوئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی سی ٹی اور پی ایل آر اے کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت زیادہ تر مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ ای-اسٹامپ کے لیے سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے اور اس کی جانچ کا مرحلہ باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے اندر ڈیجیٹائزیشن کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 24 ریونیو اسٹیٹس کی ڈیجیٹائزیشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ باقی 11 اسٹیٹس کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ سی ڈی اے کی اسٹیٹ ونگ کے تمام ریکارڈ کی اسکیننگ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ بلڈنگ کنٹرول ریکارڈ کی اسکیننگ جاری ہے۔

ایک موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کی گئی ہے جو شہریوں کو ان کے زمین کے ریکارڈ تک آسانی سے رسائی فراہم کرے گی۔ اس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور زمین کے معاملات میں بہتر خدمات مہیا ہوں گی۔

دیگر متعلقہ خبریں