لیونارڈو ڈی کیپریو اور جیف بیزوس نے دنیا بھر میں معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کے تحفظ کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد مختلف انواع کی بقا ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) لیونارڈو ڈی کیپریو اور جیف بیزوس نے معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کے تحفظ کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ سرمایہ کاری ‘فینکس اسپیشیز پروجیکٹ’ کے تحت کی جائے گی جس کا مقصد 100 انواع کی بحالی ہے۔
منصوبے کے تحت 30 ممالک میں جانوروں، پرندوں، مچھلیوں اور پودوں کی حفاظت کی جائے گی۔ اس میں مقامی آبادیوں، سائنسدانوں اور ماہرینِ ماحولیات کی شمولیت بھی ہوگی تاکہ موثر اقدامات کیے جا سکیں۔
20 کروڑ ڈالر کی رقم میں سے 10 کروڑ بیزوس ارتھ فنڈ اور 10 کروڑ ری والڈ کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔ دیگر فلاحی ادارے بھی اس منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں۔
لیونارڈو ڈی کیپریو نے کہا ہے کہ یہ اقدام ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگا جو معدومیت کے دہانے پر موجود انواع کی بقا کے لیے اہم ہے۔
یاد رہے کہ لیونارڈو ڈی کیپریو ماحولیاتی تحفظ پر کام کر رہے ہیں جبکہ جیف بیزوس کا ارتھ فنڈ بھی قدرتی نظام کے تحفظ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔















