نوشکی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث حکام نے 31 جولائی تک کرفیو نافذ کر دیا ہے، جس دوران عوامی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
نوشکی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث 31 جولائی تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو منگل کی شب 8 بجے سے نافذ ہوا اور 31 جولائی کی شب 8 بجے تک جاری رہے گا۔
کرفیو کے دوران عوامی نقل و حرکت، اجتماعات، جلوس اور غیر ضروری سفر پر مکمل پابندی ہوگی۔ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی بھی شخص اپنے گھر سے باہر نہیں نکل سکے گا۔
کرفیو سے سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران، ہنگامی طبی خدمات، ریسکیو سروسز اور یوٹیلٹی سروس فراہم کرنے والے افراد کو استثنیٰ دیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل درآمد ہوگا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اس نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نوشکی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث پہلے بھی حفاظتی اقدامات کیے جا چکے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر کرفیو کا نفاذ ضروری سمجھا گیا۔













