جاپان کا الزام، چینی طیاروں نے جاپانی طیاروں کو خطرناک انداز میں نشانہ بنایا، چین نے الزامات کو مسترد کر دیا۔
ٹوکیو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جاپان نے الزام عائد کیا ہے کہ چینی لڑاکا طیاروں نے جاپانی فوجی طیاروں کو خطرناک انداز میں نشانہ بنایا۔ یہ واقعہ جنوبی اوکیناوا جزائر کے قریب پیش آیا، جس پر جاپان نے چین کے خلاف باضابطہ احتجاج درج کرایا ہے۔
جاپانی وزیر دفاع شنجیرو کوئی زومی نے کہا کہ ہفتے کے روز چینی جنگی طیاروں نے فائر کنٹرول ریڈار کا استعمال کرتے ہوئے جاپانی طیاروں کو ہدف بنایا، جو فضائی سلامتی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
چین نے جاپان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپانی طیارے چینی بحریہ کے قریب آکر مداخلت کر رہے تھے۔ چینی بحریہ کے ترجمان کرنل وانگ شوئیمینگ نے کہا کہ چین بحری مشقیں کر رہا تھا، اور جاپانی طیاروں کی پروازیں خطرناک ثابت ہو رہی تھیں۔
یہ واقعہ چین اور جاپان کے درمیان تائیوان کے مسئلے پر جاری کشیدگی کے دوران پیش آیا۔ جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائچی نے کہا ہے کہ اگر چین نے تائیوان پر کوئی کارروائی کی تو جاپان جواب دے سکتا ہے۔













