بلاول بھٹو نے ن لیگ پر آزاد کشمیر میں زور زبردستی سے حکومت بنانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے ریاست سے پاکستان کے مفادات کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
میرپور: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ریاست سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فیصلہ کرے آیا ن لیگ کا مفاد زیادہ اہم ہے یا پاکستان کا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے میرپور میں پیپلز پارٹی کو اکثریت دلوا دی ہے اور اب ہمارا فرض ہے کہ ان کے ووٹ کا تحفظ کریں۔
بلاول بھٹو نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اسے جمہوریت نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے میرپور سے لیکر پونچھ تک ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور عوام کو اکثریت دلوانے پر سلام پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، چوہدری یاسین نے شہر کی سیٹ جیت لی لیکن اپنی آبائی سیٹ ہار گئے، اس کو ماننا مشکل ہے۔ بلاول نے کہا کہ ہم قومی مفاد میں حکومت پاکستان کے ساتھ ہیں اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے مفاد میں ہم کسی کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ ن لیگ کے نام پر پاکستان کو نقصان نہ پہنچایا جائے اور آزاد کشمیر کو مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیا جائے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کا منصوبہ ہے کہ آزاد کشمیر میں زور زبردستی سے حکومت بنائی جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ن لیگ لوگوں کو دباؤ میں لا کر اور خوف پیدا کر کے حکومت چلانا چاہتی ہے۔















