امریکا نے یورپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 2027 تک نیٹو کی دفاعی ذمہ داریاں سنبھال لے، بصورت دیگر امریکا بعض پالیسیوں میں حصہ لینا بند کر سکتا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی محکمہ دفاع کے حکام نے واشنگٹن میں ایک اہم میٹنگ میں یورپی سفارت کاروں کو مطلع کیا کہ امریکا چاہتا ہے کہ یورپ 2027 تک نیٹو کی زیادہ تر روایتی دفاعی ذمہ داریاں سنبھال لے۔ ان ذمہ داریوں میں خفیہ معلومات سے لے کر میزائل تک شامل ہیں۔
امریکی حکام نے واضح کیا کہ اگر یورپ 2027 تک مطلوبہ اہداف پورے نہ کر سکا تو امریکا نیٹو کی بعض دفاعی پالیسیوں میں حصہ لینا بند بھی کر سکتا ہے۔ یورپی سفارت کاروں نے اس ڈیڈ لائن کو سخت اور حقیقت سے دور قرار دیا ہے۔
یورپی حکام کا کہنا ہے کہ یورپ چاہ کر بھی چند برسوں میں وہ صلاحیتیں حاصل نہیں کر سکتا جو امریکا کے پاس ہیں کیونکہ کئی ہتھیاروں کی پیداوار میں تاخیر ہے۔ امریکی ہتھیاروں کی ترسیل میں بھی کئی برس لگ سکتے ہیں جبکہ امریکی انٹیلی جنس اور جاسوسی ٹیکنالوجی فوری حاصل نہیں کی جا سکتی۔
نیٹو کے ایک اہلکار نے کہا کہ یورپ اپنی دفاعی ذمہ داریاں بڑھانے پر آمادہ ہے، مگر 2027 کی مخصوص ڈیڈ لائن پر کوئی بات نہیں کی۔ وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے اس حوالے سے جواب نہیں دیا۔
امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے حالیہ نیٹو وزرائے خارجہ اجلاس میں کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ یورپ کو اپنی حفاظت کی ذمہ داری خود اٹھانی چاہیے۔














