امریکی اراکین کانگریس نے پاکستانی عہدیداروں پر پابندیوں کے لئے مارک روبیو کو خط لکھ دیا

امریکی کانگریس کے اراکین نے پاکستانی عہدیداروں پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا حوالہ دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی ایوان نمائندگان کے 44 ڈیموکریٹ ارکان نے سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کو خط لکھا ہے، جس میں پاکستان میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر پاکستانی اعلیٰ عہدیداروں پر فوری پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ اقدام ڈیموکریٹک کانگریس ویمن پرامیلا جے پال اور کانگریس مین گریگ کاسر کی قیادت میں اٹھایا گیا ہے، جس میں مسلمان ارکان الہان عمر اور رشیدہ طلیب بھی شامل ہیں، جو فلسطینی اور دیگر مسلم مسائل پر اپنی آواز بلند کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

خط میں مخصوص اقدامات جیسے ویزا پابندیاں اور اثاثے منجمد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جو پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرنے والے امریکی شہریوں اور رہائشیوں کو دھمکانے کے ذمہ دار عہدیداروں پر عائد کی جائیں گی۔

پاکستان کے دفتر خارجہ یا واشنگٹن میں سفارتخانے کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔ اس خط کے لکھنی کی بنیادی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ  واشنگٹن کو ان افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے جو سیاسی مخالفین کو جیل بھیجنے، شہریوں کو بیرون ملک دھمکانے اور جمہوری آزادیوں کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال کرتے ہیں۔

خط میں وارننگ دی گئی ہے کہ پاکستان میں آمرانہ بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے، اپوزیشن رہنما بغیر الزام کے حراست میں ہیں، صحافیوں کو دھمکایا جا رہا ہے یا جلاوطنی پر مجبور کیا جا رہا ہے، اور عام شہری سوشل میڈیا سرگرمیوں پر گرفتار ہو رہے ہیں۔ خواتین، مذہبی اقلیتوں اور نسلی برادریوں کو خاص طور پر بلوچستان میں غیر متناسب دباؤ کا سامنا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے پہلے ہی ان بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ خط میں امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ گلوبل میگنٹسکی پابندیاں، ویزا پابندیاں اور اثاثے منجمد کرنے کے اقدامات عائد کرے۔

مزید برآں خط میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ "یہ اقدامات انسانی حقوق کے لیے امریکی عزم کو تقویت دیں گے، امریکی شہریوں کو بین الاقوامی جبر سے بچائیں گے اور علاقائی استحکام کو فروغ دیں گے۔”

کانگریسی نگرانی کو مضبوط کرنے کے لیے، ارکان نے پانچ تفصیلی سوالات سیکریٹری روبیو کو بھیجے ہیں، جن میں پابندیوں، مخصوص اقدامات کے لیے شرائط، اور بیرون ملک اپنے خاندانوں کے خلاف خطرات سے امریکی رہائشیوں کے تحفظ کے اقدامات شامل ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں