عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں میں ریکارڈ قائم کیا ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور مکمل کرنے والی وزیرِاعلیٰ ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب روپے کی تقسیم شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے فلاحی منصوبوں کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے 16 منصوبے ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہیں، اور مخالفین کے کلرکوں سے بھی اربوں روپے برآمد ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب ڈی سی، کمشنر اور اے سی کا ریٹ ختم ہو چکا ہے اور بیوروکریسی کی کارکردگی کو کے پی آئی سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا حکومت پر طنزیہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی محرومیوں کو دیکھنے کے لیے نئی عینک بنائیں، اور اگر ضرورت ہو تو پنجاب حکومت مدد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب پروگرام کو تاریخ کا سب سے بڑا صفائی کا منصوبہ قرار دیا، جس میں ایک لاکھ 40 ہزار 400 ورکرز اور دو ہزار سے زائد افسران نے اب تک 94 لاکھ 4 ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ستھرا پنجاب اور الیکٹرک بس سروس عوام میں پذیرائی حاصل کر چکے ہیں، اور الیکٹرک بسوں کا فیز ٹو شروع ہو چکا ہے جس میں 200 نئی بسیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ دسمبر تک پنجاب بھر کے 42 شہروں میں 1100 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔













