اسرائیل نے جدید لیزر ایئر ڈیفنس سسٹم ‘آئرن بیم’ تیار کر لیا، جو قریبی راکٹوں اور ڈرونز کو تباہ کر سکتا ہے۔
تل ابیب: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیل کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ جدید لیزر ایئر ڈیفنس سسٹم ‘آئرن بیم’ کی تیاری مکمل ہو چکی ہے اور اس کو دسمبر کے اختتام تک فوج کے حوالے کیا جائے گا۔ یہ سسٹم قریبی فاصلے کے راکٹوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزارتِ دفاع کے دفاعی تحقیق کے ادارے کے سربراہ ڈینیئل گولڈ نے کہا کہ آئرن بیم لیزر سسٹم جنگی میدان میں قواعد و ضوابط کو بنیادی طور پر بدل دے گا۔ اس کی طاقت 100 کلوواٹ تک پہنچ سکتی ہے اور یہ ہدف کو چند سیکنڈ میں تباہ کر سکتا ہے۔
آئرن بیم کی لاگت آئرن ڈوم کے مقابلے میں نہایت کم ہے، ایک انٹرسپٹ کی لاگت محض چند ڈالر ہے۔ لیزر سسٹم کی تیاری اسرائیلی وزارتِ دفاع، رافائل اور ایلبِٹ سسٹمز کے تعاون سے کی گئی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج ایک سال سے جاری جنگ بندی کے باوجود حزب اللہ پر حملے بڑھا رہی ہے۔ وزارتِ دفاع نے تعیناتی کی تاریخ کے حوالے سے مزید وضاحت دینے سے انکار کیا ہے۔













