حکومت نے غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کی ترسیل پر پابندیوں میں نرمی کر دی، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کی ترسیل پر تین سال سے عائد پابندیوں میں نرمی کر دی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں منافع کی ترسیلات 752 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مزید بتایا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کی منافع واپسی میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے اور توانائی اور مالیاتی شعبوں میں بالترتیب 186 اور 183.9 ملین ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
حکومت اور ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور کاروباری آسانیاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کر رہی ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بڑھتا اعتماد معاشی استحکام کی علامت بن رہا ہے۔













