کراچی ٹریفک پولیس کی ای چالان پر 50 فیصد رعایت کا اعلان

کراچی ٹریفک پولیس نے ای چالان جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کی پیشکش کی ہے، 14 دن میں ادائیگی پر رعایت ممکن ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد ای چالان کے لیے شہریوں کو ایک اہم رعایتی پالیسی پیش کی ہے، جس کے تحت پہلا چالان معافی نامہ جمع کروا کر منسوخ کیا جا سکتا ہے جبکہ 14 دن میں جرمانہ ادا کرنے پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔

اس پالیسی کے تحت اگر شہری پہلا چالان موصول ہونے پر معافی نامہ جمع کرواتے ہیں تو انہیں استثنیٰ دیا جائے گا، جبکہ دوسری بار چالان کی صورت میں 14 دن کے اندر ادائیگی پر 50 فیصد رعایت حاصل کی جا سکے گی۔ 21 دن سے زائد تاخیر پر مکمل جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

پولیس کے مطابق، موٹرسائیکل سوار کے سگنل توڑنے پر 5 ہزار روپے کا جرمانہ ہوگا، لیکن 14 دن میں ادائیگی پر یہ رقم 2500 روپے ہو جائے گی۔ نئی پالیسی کا مقصد شہریوں کو بروقت ادائیگی کی ترغیب دینا اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ضلعی ٹریفک افسران کو ہدایت دی گئی کہ نئے ٹریفک قوانین و جرمانوں کا نفاذ صوبے بھر میں یکساں کیا جائے اور بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی گاڑیوں سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ اس وقت 59 خلاف ورزیوں کو مانیٹر اور جرمانہ کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں 11 مقامات پر ٹریفک جرمانوں سے متعلق شکایات کے لیے سہولت سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہری اپنی شکایات کا ازالہ کر سکتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں