سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 5 نومبر کو پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے، جس میں قومی اسمبلی کے اکیسویں اجلاس کے دوران اہم امور پر مشاورت ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماؤں کا اہم اجلاس 5 نومبر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا۔ اجلاس کا مقصد قومی اسمبلی کے اکیسویں اجلاس کے دوران ایوان کی کارروائی، ایجنڈے کی ترتیب، اجلاس کے دورانیے اور نظم و ضبط پر مشاورت کرنا ہے۔
اجلاس میں قومی اہمیت کے معاملات پر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھانے کا ارادہ ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی رہنما اہم قومی، قانون سازی اور عوامی مفاد کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
شرکاء میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزراء سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، عطااللہ تارڑ، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، خالد حسین مگسی، شیخ آفتاب احمد، محترمہ نزہت صادق، اعجاز حسین جاکھرانی اور سید نوید قمر شامل ہوں گے۔ دیگر مدعو رہنماؤں میں محترمہ شازیہ مری، محترمہ شہلا رضا، سید امین الحق، سید حفیظ الدین، اسد قیصر، گوہر علی خان، ملک محمد عامر ڈوگر، محمد ریاض فتیانہ، نور عالم خان، گل اصغر خان، محمد اعجاز الحق اور حسین الہٰی شامل ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔













