اے ڈی بی نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ فراہم کرنے کی تصدیق کی، جس سے مالیاتی دباؤ کم ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی تصدیق کی ہے۔
اے ڈی بی کی سالانہ رپورٹ 2025 کے مطابق، پاکستان کے لیے 80 کروڑ ڈالر کا مالیاتی پیکج منظور ہوا جس میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 50 کروڑ ڈالر کی گارنٹی شامل ہے۔ حکومت کو ایک ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ میں بھی مدد ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں بنیادی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں پر سرمایہ کاری محدود رہی ہے جس کی وجہ مالی دباؤ ہے۔ منظور شدہ پروگرام کا مقصد بجٹ خسارہ اور سرکاری قرض کو کم کرنا ہے۔
پاکستان میں سماجی شعبے پر مزید فنڈز اور ٹیکس نظام میں بہتری کی جائے گی۔ خواتین کی معاشی شرکت کے لیے 35 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جس سے خواتین کی مالی شمولیت میں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث خطے میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات بڑھ چکے ہیں۔ اے ڈی بی کی جانب سے گرین کلائمیٹ فنڈ کے 25 کروڑ ڈالر سے پاکستان میں پانی اور زرعی نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔














