ایران، اسرائیل اور امریکا کی کشیدگی کے باعث پاکستان میں ادویات کی قلت کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث بین الاقوامی پروازوں اور رسد کے نظام میں خلل پڑنے کی وجہ سے پاکستان میں جان بچانے والی ادویات، ویکسین اور بچوں کے دودھ کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی پروازوں کی معطلی نے ادویات، دواسازی کے خام مال اور ویکسین کی درآمد کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ اگر یہ صورتحال طویل عرصے تک برقرار رہی تو ادویات کی کمی اور قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان کے پاس دواسازی کے خام مال کا موجودہ ذخیرہ تقریباً ڈیڑھ سے دو ماہ تک کے لیے کافی ہے۔
ملک میں ادویات کی تیاری کے لیے درآمدی خام مال پر بہت زیادہ انحصار ہے، جس میں 55 سے 60 فیصد بھارت اور 40 سے 45 فیصد چین سے آتا ہے۔
کینسر، ذیابیطس، انسولین اور دل کے امراض کی ادویات خاص طور پر مہنگی ہو سکتی ہیں۔ ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ خلیجی ممالک کے راستے رسد متاثر ہونے پر طبی اشیا کی قلت صحت کے نظام پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔















