ایران جنگ کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی گراوٹ دیکھنے میں آئی، 15 ہزار پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران جنگ کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ کاروباری ہفتے کے پہلے دن 100 انڈیکس میں 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انڈیکس 15 ہزار 71 پوائنٹس تک گر گیا اور انتظامیہ نے اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار عارضی طور پر ایک گھنٹے کے لئے بند کر دیا۔
انڈیکس میں 8.97 فیصد کمی ہوئی جب کہ انڈیکس ایک لاکھ 52 ہزار 991 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں پہلی بار 15 ہزار سے زائد ایک دن میں گراوٹ کا شکار ہوئی، جس نے سرمایہ کاروں میں تشویش پیدا کر دی۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، خام تیل کی قیمت میں اضافہ اور سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ گراوٹ کے پیچھے معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کا کمزور اعتماد اور ممکنہ پالیسی عوامل ہو سکتے ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں حکومتی معاشی اقدامات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی مارکیٹ کی سمت کا تعین کرے گی۔















