وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ، آئی جی پنجاب نے اہم اقدامات کا جائزہ لیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات دیے گئے، خاص طور پر چینی باشندوں، سکھ یاتریوں اور غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت پر زور دیا گیا ہے۔
عبدالکریم نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، حساس مقامات اور مارکیٹوں کی سکیورٹی مزید بڑھائی جائے۔ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں اور حساس تنصیبات پر تعینات اہلکاروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی افسران، سی ٹی ڈی، اور انٹیلی جنس ادارے مل کر سکیورٹی اقدامات یقینی بنائیں۔ دہشت گردی کی حالیہ کاروائیوں میں ڈرونز کے استعمال کے پیش نظر دفعہ 144 کی پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے۔
سہولت بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کی حفاظت کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کو چوکس رہنے کا کہا گیا ہے۔ مشکوک گاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔















