این ڈی ایم اے نے مارچ سے ستمبر تک ہیٹ ویو اور ممکنہ سیلاب کے خدشے پر الرٹ جاری کیا ہے، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) این ڈی ایم اے نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے، جس میں مارچ سے ستمبر تک ہیٹ ویو اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے سے ہیٹ ویو اور گلیشئر پگھلنے کے عمل میں تیزی کا امکان ہے، جو ممکنہ سیلاب کی صورتحال کا سبب بن سکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کی نگرانی جاری ہے۔ ان علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے باعث آبادیوں اور زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے احمد آباد، فیض آباد، مجاور، وادی اشکومن، گلکن، گلمت اور بوہر کے علاقے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے ریشون، کمراٹ، یارخن ویلی، لشٹ، استاچ، ڈزق اور بریپ میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ دریا کے کناروں اور گلیشیائی ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کیا جائے اور متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔















