ماؤتھ واش کے مسلسل استعمال سے بلڈ پریشر میں اضافہ ہو سکتا ہے، ماہرین نے خبردار کیا۔ نائٹریٹ کو نائٹرک آکسائیڈ میں تبدیل کرنے والے بیکٹیریا کے خاتمے سے بلڈ پریشر متوازن رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔
سان فرانسسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ماؤتھ واش کے مسلسل استعمال سے بلڈ پریشر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر مارک برہن نے بتایا کہ اینٹی سیپٹک ماؤتھ واش مفید بیکٹیریا کو ختم کر دیتے ہیں جو نائٹریٹ کو نائٹرک آکسائیڈ میں تبدیل کرتے ہیں۔ نائٹرک آکسائیڈ کی کمی بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر برہن کے مطابق، ان بیکٹیریا کی عدم موجودگی خون کی نالیوں کو پھیلانے میں ناکامی کا باعث بن سکتی ہے، جس سے بلڈ پریشر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ ماؤتھ واش کے کثرت سے استعمال سے ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف پلیموتھ کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ماؤتھ واش ورزش کے بعد حاصل ہونے والے بلڈ پریشر کے فوائد کو کم کر دیتا ہے۔ ماہرین نے ماؤتھ واش کے معتدل استعمال، فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ سے برش کرنے اور فلاس کرنے کی سفارش کی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ منہ کی صحت اور دل کی صحت کا گہرا تعلق ہے، اس لیے ماؤتھ واش کا استعمال شعور اور اعتدال کے ساتھ کریں اور کسی بھی تبدیلی سے قبل ڈینٹسٹ سے مشورہ کریں۔















