لاہور ہائیکورٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں پر فل بنچ تشکیل دیا، ترامیم سپریم کورٹ کی خودمختاری متاثر کرنے کا اندیشہ۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے تین رکنی فل بنچ کی سربراہی جسٹس صداقت علی خان کو سونپی جبکہ جسٹس جواد حسن اور جسٹس سلطان تنویر اس کے اراکین ہوں گے۔
درخواست میں وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کو بذریعہ سیکرٹریز فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کا اصل اختیار ختم کرکے وفاقی آئینی عدالت بنائی گئی ہے جس سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ترامیم اسلامی دفعات، عدالتی خودمختاری اور بنیادی حقوق کے خلاف ہیں اور صوبوں کی مشاورت کے بغیر منظور کی گئی ہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ ان ترامیم کو کالعدم قرار دے اور حتمی فیصلے تک ان پر عملدرآمد روک دے۔














