پنجاب کی تین بجلی کمپنیوں کو کرنٹ سے 30 اموات پر 5 کروڑ 75 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب کی تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو کرنٹ لگنے سے پیش آنے والی 30 اموات کے باعث 5 کروڑ 75 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 2023-24 کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 افراد جاں بحق ہوئے۔ لیسکو میں 13، گیپکو میں 9 اور فیسکو ریجن میں 8 اموات ہوئیں۔
ان اموات کے پیش نظر نیپرا نے لیسکو، گیپکو اور فیسکو پر مجموعی طور پر 5 کروڑ 75 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کر دیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق لیسکو پر 3 کروڑ، گیپکو پر ایک کروڑ 75 لاکھ اور فیسکو پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ کمپنیوں کو 15 دنوں میں یہ جرمانہ نامزد بینکوں میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔















