عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی فعال ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانیاں دی گئی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی فعال ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانیاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان بھی ہوا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کا بیانیہ دنیا کے سامنے رکھنے میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا اہم کردار ہے اور یہ بیانیہ دنیا میں پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے بتایا کہ بھارت کیخلاف جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور سفارتی سطح پر بھی بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی دنیا میں پاکستان کا اہم کردار ہے اور سوشل میڈیا پر بھارتی جھوٹ کو بےنقاب کیا گیا۔
پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا اور 14 سال بعد ایس سی او کانفرنس کی کامیاب میزبانی کی جس میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے شرکت کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ پاکستان کی اہم کامیابی ہے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت معیشت مستحکم ہوئی اور عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا۔














