ایف بی آر نے 70 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے اے آئی پراسس میں شامل کر دیے تاکہ ٹیکس دہندگان کی نشاندہی ہو سکے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا اور جدید آڈٹ پروگرام شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ 70 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پراسس میں شامل کیے گئے ہیں تاکہ کم ٹیکس دینے والوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
ایف بی آر کے مطابق کم ٹیکس ادا کرنے یا گزشتہ سال کی نسبت کم ٹیکس جمع کرانے والے ٹیکس نادہندگان کا آڈٹ کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایف بی آر نے جدید ڈیجیٹل ٹولز بشمول آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کیا ہے۔
آڈٹ مہم میں ان لینڈ ریونیو کے 8 ہزار افسران اور تقریباً 4 ہزار آڈیٹرز حصہ لیں گے اور یہ تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کمرشل اور انڈسٹریل سیکٹرز، دوسرے مرحلے میں سنگل اونر اور دیگر رجسٹرڈ کمپنیز جبکہ تیسرے مرحلے میں انفرادی شخصیات کے گوشواروں کا آڈٹ شامل ہے۔
ایف بی آر کا یہ اقدام ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، محصولات میں اضافہ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔












