اسلام آباد بار کونسل کا خودکش حملے پر تین روزہ ہڑتال کا اعلان

اسلام آباد بار کونسل نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد بار کونسل نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ بار کونسل نے اعلامیہ میں کہا کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس میں دہشت گردانہ حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے، جس میں وکلا سمیت متعدد بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔

اعلامیہ کے مطابق عدالتی ادارے کو نشانہ بنانے والے دہشت گردی کے بزدلانہ اقدام کی پرزور مذمت کی گئی ہے اور بار کونسل نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بار کونسل نے اعلان کیا کہ وحشیانہ فعل کے خلاف اسلام آباد کی تمام عدالتوں میں 12 سے 14 نومبر تک مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ اسلام آباد بار کونسل اور ماتحت بار ایسوسی ایشنز کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور افسوسناک واقعے کی فوری طور پر شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد بھر کی تمام عدالتوں میں سکیورٹی بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔

دیگر متعلقہ خبریں