جے یو آئی کا 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا اعلان

جے یو آئی نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر اعتماد نہیں، اور کوئی بحث نہیں ہو رہی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جے یو آئی نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے اس کے حق میں ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

جے یو آئی کے مرکزی رہنما و سینیٹر کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت پر اعتماد نہیں ہے اور 27 ویں ترمیم سے 26 ویں ترمیم کو رول بیک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے انہیں ترمیم کا مطالعہ کرنے کی اجازت نہیں دی، حالانکہ وہ مشترکہ کمیٹی میں شامل ہو کر اپنی تجاویز پیش کرنا چاہتے تھے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ترمیم پاس ہو جائے گی، لیکن اللہ نہ کرے کہ پاکستان ناکام ہو۔ اگر حکومت طاقت کے زور پر ترمیم پاس کرنا چاہتی ہے تو کرتی رہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے پر کوئی بحث نہیں ہو رہی اور نہ ہی دوسروں کی رائے شامل کی جا رہی ہے، جس سے پارلیمان کی وقعت مزید کم ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں لوگ صرف لنچ اور ڈنر کے لئے آتے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی اپوزیشن جماعتیں ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں