وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت ریاستی اداروں کے خلاف متنازع بیانات پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں کے خلاف متنازع بیانات دینے پر الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا ایکٹ) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اسلام آباد کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں ایک شہری کی شکایت پر مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، سہیل آفریدی پر الزام ہے کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز، گمراہ کن اور جھوٹے بیانات پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلائیں۔
مقدمے کے متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ مزید یہ کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اڈیالہ جیل کے باہر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹ پر مبنی میڈیا ٹاک کی اور پی ٹی آئی کے آفیشل پیچ سے بھی ریاستی اداروں کے خلاف ویڈیوز کو شیئر کیا گیا۔












