سینیٹر پرویز رشید نے سینیٹ میں کہا کہ انہیں اپوزیشن کی عدلیہ کے حق میں تقاریر پر خوشی ہوئی، اور نظام میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹر پرویز رشید نے سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اپوزیشن نے آج عدلیہ کے حق میں تقاریر کیں۔ انہوں نے سینیٹر علی ظفر کے ساتھ اپنے احترام اور محبت کے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علی ظفر نے وکیل کے طور پر ہمیں اپنا پسندیدہ رُخ دکھایا۔
پرویز رشید نے کہا کہ وہ رُخ جس نے پاکستان پر زخم لگائے اور عدلیہ کو عدالتی نظام کا حصہ ہونے کی بجائے ایک پارٹی کے آلہ کار بنایا، ہمیں ان سے انتقام نہیں لینا چاہیے مگر نظام کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے سینیٹر حامد خان کی جانب سے اٹھارویں ترمیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے ترمیم کی صرف ایک شق پر بات کی، جس کا مطلب ہے کہ اپوزیشن نے باقی تمام شقوں کو تسلیم کر لیا ہے۔ انہوں نے علی ظفر سے گزارش کی کہ جس کمیٹی کے وہ چیئرمین ہیں، اس کے اجلاس میں شرکت کیا کریں۔












