ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.03 فیصد کمی، اشیاء کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.03 فیصد کی کمی واقع ہوئی، جبکہ سالانہ مہنگائی کی شرح 3.90 فیصد تک پہنچ گئی۔ اس دوران 12 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 29 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 21 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 62 روپے، انڈوں کی فی درجن قیمت میں 3 روپے 29 پیسے، پانچ لیٹر برانڈڈ خوردنی تیل 21 روپے اور ویجیٹیبل گھی اڑھائی کلو 10 روپے تک مہنگا ہوا۔
مہنگی ہونے والی اشیاء میں لہسن، جلانے کی لکڑی، خشک دودھ، چائے اور دال مونگ شامل ہیں۔ دوسری جانب، ٹماٹر فی کلو 16 روپے، چینی 9 روپے، پیاز 4 روپے، جبکہ دال مسور، دال ماش، گھریلو سلنڈر، گڑ، چنے اور آلو سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔















