امریکا میں ایک جوڑے کی دوران پرواز شادی ہوئی جس میں 178 مسافروں نے شرکت کی۔ جوڑا لاس ویگاس جا رہا تھا۔
امریکا: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکا میں ایک منفرد واقعہ پیش آیا جہاں ایک جوڑے کی دوران پرواز شادی ہوئی۔ جوڑا لاس ویگاس جا رہا تھا تاکہ شادی کر سکے، مگر فلائٹ میں ہی ان کی شادی ہو گئی۔
ساؤتھ ائیرلائنز کی پرواز میں عملے کو جب جوڑے کے منصوبے کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر شادی کا اہتمام کیا۔ طیارے میں 178 مسافروں نے شادی کی تقریب کو دیکھا جبکہ پائلٹ نے رسومات مکمل کیں۔
فلائٹ اٹینڈنٹس نے ٹوائلٹ پیپرز سے دلہن کا لباس تیار کیا اور کافی کپ اسٹکس کو گلدستہ بنایا۔ سارا مونتالو نے کہا کہ قسمت نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔
اس دلچسپ واقعے نے مسافروں کو محظوظ کر دیا اور جوڑے کی خوشی کو دوبالا کر دیا۔ حالانکہ قانونی حیثیت واضح نہیں، مگر لاس ویگاس میں مزید تقریب کی منصوبہ بندی ہے۔
یاد رہے کہ لاس ویگاس عموماً ایسی شادیوں کے لیے مشہور ہے جہاں جوڑے غیر روایتی انداز میں شادی کرتے ہیں۔















