آئی سی سی نے 2027 ورلڈکپ کوالیفائر کی تاریخوں کا اعلان کر دیا، میزبان ملک کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا ہے۔
دبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) آئی سی سی نے 2027 کے ون ڈے ورلڈکپ کوالیفائر کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کوالیفائر ٹورنامنٹ 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک منعقد ہوگا، تاہم میزبان ملک کا اعلان ابھی باقی ہے۔
کوالیفائر میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں دو کم ترین رینکنگ والی مکمل رکن ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ان کے علاوہ کرکٹ ورلڈکپ لیگ ٹو کی چار بہترین ٹیمیں اور کوالیفائر پلے آف سے چار ٹیمیں شریک ہوں گی۔
نئے فارمیٹ کے تحت، کوالیفائر کی فاتح ٹیم 14 ٹیموں کے ورلڈکپ میں براہ راست حصہ لے گی۔ دوسری، تیسری، اور چوتھی پوزیشن والی ٹیمیں سپر سیریز میں حصہ لیں گی، جہاں سے ایک ٹیم ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے تک پہنچے گی۔
ورلڈکپ 4 اکتوبر سے 11 نومبر تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 مقامات پر ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کی براہ راست ورلڈکپ میں رسائی غیر یقینی ہے۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز آئی سی سی رینکنگ میں دسویں نمبر پر ہے اور ستمبر میں بھارت کے خلاف دو میچز اس کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔















