وزیراعظم نے ڈسکوز کی نجکاری میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دینے کی ہدایت دی ہے۔ عالمی معیار کے ماہرین کی شمولیت اور قانونی فریم ورک کی تکمیل کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو پر غور کیا گیا، اور عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کمیشن کی تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے کیے جائیں اور روڈ شوز کے کامیاب نتائج اطمینان بخش ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے ماہرین کو شامل کیا جائے۔ مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین نجکاری کمیشن کی استعداد کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ نجکاری کے مراحل میں کنسلٹنٹ کی تجاویز کو یقینی بنایا جائے۔ قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی تکمیل بروقت کی جائے۔
واضح رہے کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں گیپکو، فیسکو اور آئیسکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے لیے ترکیہ، سعودی عرب اور چائنا میں روڈ شوز منعقد کیے گئے ہیں۔














