پیٹرولیم ڈویژن نے گیس سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کا منصوبہ عالمی بینک کے تعاون سے تیار کر لیا ہے۔ اس منصوبے میں سوئی کمپنیوں کی تنظیم نو شامل ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پیٹرولیم ڈویژن نے عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد مرحلہ وار عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اجلاس میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی شرکت تھی۔ اجلاس میں سوئی کمپنیوں کی تنظیم نو اور ان بنڈلنگ اصلاحات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اصلاحات کے تحت سوئی کمپنیوں کی ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور انرجی کاروبار الگ کیے جائیں گے۔ سبسڈی کا نظام ازسرنو ترتیب دیا جائے گا تاکہ مستحق صارفین کو ٹارگٹڈ ریلیف مل سکے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ عالمی بینک نے تکنیکی معاونت اور بین الاقوامی تجربات فراہم کیے ہیں۔ اس روڈ میپ کو رواں ماہ وزیراعظم کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گیس سیکٹر میں اصلاحات سے مسابقتی اور شفاف مارکیٹ قائم ہوگی۔ اوگرا کے کردار کو مضبوط بنا کر نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور شمولیت کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔















