وزیراعظم شہباز شریف نے سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں بنگلا دیش کو شکست دینے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔
انہوں نے قومی ٹیم کے لیے مستقبل کے مقابلوں میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلا دیش کو 0-3 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
یاد رہے کہ یہ کامیابی قومی ٹیم کی محنت اور عزم کی عکاس ہے اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔















