ابراہیم عزیزی نے کہا کہ امریکا کے موجودہ رویے کی وجہ سے امن مذاکرات متاثر ہو سکتے ہیں، ایران کو سنجیدہ ارادہ نظر نہیں آ رہا۔
تہران: (رائیٹ ناؤنیوز) ایرانی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کے چیئرمین ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ امریکا پر اعتماد نہیں، اگر امریکا کا موجودہ رویہ جاری رہا تو امن مذاکرات ناممکن ہیں۔
ابراہیم عزیزی نے ایک امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی دیانت داری پر شک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مذاکرات کے اصولوں کی پابندی کرے تو ایران کو اعتراض نہیں ہوگا۔
عزیزی نے مذاکرات کی رکاوٹوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران کو سنجیدہ ارادہ نظر نہیں آتا، ایران کے منجمد اثاثے اس کی واضح مثال ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یورینیم افزودگی اور جوہری معاملات پر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، ان مسائل پر مذاکرات کا مقصد بھی نہیں۔
واضح رہے کہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ایران کی شرائط پوری کی جائیں تو مذاکرات ممکن ہیں، بصورت دیگر ایران مزاحمتی محاذ پر قائم رہے گا۔














