ایک تحقیق کے مطابق لاہور اور فیصل آباد 2050 تک دنیا کے گرم ترین شہروں میں شامل ہوسکتے ہیں، جس سے اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے نظام ایل نینو سے شدید متاثر ہوسکتا ہے۔ اس تحقیق کے مطابق 2050 تک لاہور اور فیصل آباد دنیا کے گرم ترین شہروں میں شامل ہوسکتے ہیں، جس سے اموات کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر ظہیر بابر نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہری علاقوں میں درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں 5 جون تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ ماہر ماحولیات ڈاکٹر ذوالفقار احمد کے مطابق کراچی اور لاہور میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کے مطابق درخت لگانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ سوسائٹیز کو 7 فیصد درخت لگانے پر این او سی جاری کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ماہرین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ نسلوں کو ہیٹ ویوز سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کرنا ضروری ہیں۔















