اسلام آباد میں کتابوں پر پلاسٹک کور چڑھانے پر پابندی عائد، پہلی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) کتابوں پر پلاسٹک کور چڑھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (کتابوں کے پلاسٹک کور پر پابندی) ایکٹ 2026 منظور کر لیا۔ اس کے تحت کتابوں پر پلاسٹک کور چڑھانے اور ایسی کتابوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس قانون کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں پلاسٹک کور والی کتابیں فروخت کرنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ کی رقم ایک لاکھ روپے تک بڑھ سکتی ہے۔
قانون کے بنیادی مقصد میں تعلیمی اداروں میں پلاسٹک چڑھانے کے رجحان کا خاتمہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا بھی بل کے مقاصد میں شامل ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کے افسران کو معائنہ کرنے، مواد ضبط کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ بایو ڈی گریڈ ایبل مواد اور نایاب کتابوں کے کور کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ بل سینیٹ آف پاکستان سے پہلے ہی منظور ہو چکا تھا۔ قومی اسمبلی میں اسے سید نوید قمر نے پیش کیا تھا۔












