بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوئے، حملے کا ہدف قدس فورس کے کمانڈر تھے۔
بیروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے ہیں۔ حملہ شہر کے مرکزی علاقے راوشے میں واقع ایک ہوٹل کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق راوشے بحیرۂ روم کے قریب ایک مشہور سیاحتی علاقہ ہے جہاں کئی ہوٹل واقع ہیں اور وہاں جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافاتی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد مقیم تھے۔
اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ حملے کا ہدف ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے اہم کمانڈر تھے، جو اسرائیل پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
لبنان اس جنگ میں اس وقت شامل ہوا جب ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ نے 2 مارچ کو اسرائیل پر حملے کیے۔ اس سے پہلے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای 28 فروری کو مارے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اس جنگ میں اب تک ایران میں 1300 سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں۔ لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے خبردار کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی انسانی اور سیاسی سطح پر سنگین نتائج پیدا کر سکتی ہے۔















