لندن کے ڈاکٹر نے روبوٹ کے ذریعے جبرالٹر میں مریض کا کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مثانے کے کینسر کا علاج کیا۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لندن میں موجود ڈاکٹر نے جبرالٹر میں 1500 میل دور مریض کا کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مثانے کے کینسر کا علاج کیا۔
یہ کامیابی روبوٹیک سرجری کے ذریعے ممکن ہوئی جس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ جبرالٹر کے سینٹ برنارڈ اسپتال میں 62 سالہ مریض کی زندگی بچانے کے لیے 4 بازؤں والا روبوٹ استعمال کیا گیا، جو ایک 3 ڈی کیمرا سے لیس تھا۔
آپریشن لندن کے ضلع ہارلے اسٹریٹ سے پروفیسر پروکر ڈسگپتا کی نگرانی میں کیا گیا، جو لندن کلینک روبوٹیک سینٹر آف ایکسیلینس کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے لندن میں کنسول استعمال کرتے ہوئے ٹویومائی روبوٹیک سسٹم کو ہدایات دیں۔
روبوٹ نے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مثانے کو جسم سے نکال لیا، جبکہ ہدایات 0.06 سیکنڈ میں جبرالٹر میں پہنچ رہی تھیں۔ مریض صحتیاب ہو رہا ہے اور اس نے بتایا کہ یہ طریقہ کار نہ ہوتا تو اسے لندن جانا پڑتا اور ویٹنگ لسٹ میں انتظار کرنا پڑتا۔
پروفیسر پروکر کے مطابق یہ ایک اہم سنگ میل ہے اور ہر چیز بہت اچھی رہی۔ لندن میں کنسول فائبر آپٹک سے منسلک تھا، جبکہ بیک اپ کے طور پر 5 جی کنکشن تیار رکھا گیا تھا۔















